اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں داعش کے کئی دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو بقول ان کے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے-
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک عورت سمیت کم از کم ترانوے افراد کو داعش کا رکن ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ العربیہ ٹی وی چینل نے رپورٹ دی ہے کہ "جند بلاد الحرمین" نامی اس گروہ نے کہ جو سعودی عرب میں دہشت گردی کی کارروائیاں انجام دینا چاہتا تھا، القصیم میں تربیتی مرکز قائم کر رکھا تھا۔ اس رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں داعش کے دہشت گرد تجارتی عمارتوں اور مراکز میں کار بم دھماکے کرنے کے علاوہ انفرادی طور پر فائرنگ کر کے لوگوں کو قتل کرنے کی تربیت بھی حاصل کر رہے تھے۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ریاض میں امریکی سفارت خانہ ان دہشت گردوں کا ایک ہدف تھا۔ سعودی عرب میں امریکی سفارتخانے پر حملے کی مبینہ سازش میں ملوث افراد کی گرفتاری سے متعلق خبر ایک ایسے وقت جاری کی گئی ہے کہ سعودی عرب اور امریکا دونوں ہی شام اور عراق میں سرگرم تکفیری عناصر کے حامی اور مدد گار سمجھے جاتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲